نئی دہلی،23نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نوٹ بندی کے بعد ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کے لئے حکومت نے ڈیبٹ کارڈوں کے استعمال پر لئے جانے والے لین دین کی فیس سے 31دسمبر تک چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔اقتصادی امور کے سیکریٹری شکتی کانت داس نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ عوامی علاقے کے تمام بینک اور کچھ نجی بینک ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کئے جانے والے تمام طرح کی ادائیگی پر لین دین فیس معاف کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔یہ فیصلہ 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو بند کرنے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔اس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینا ہے۔داس نے کہا کہ عوامی علاقے کے بینک،کچھ نجی بینک اور کچھ سوئچنگ سروس دینے والوں نے 31دسمبر تک ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر سروس چارجز نہیں لینے پررضامندی ظاہر کی ہے۔فی الحال روپے ڈیبٹ کارڈ نے پہلے ہی سوئچنگ فیس سے چھوٹ دی ہوئی ہے،دیگر ڈیبٹ کارڈکمپنیوں کو بین الاقوامی کارڈ نیٹ ورک کو منظم کرتی ہیں جیسے کہ ماسٹر اور ویزا موجودہ وقت میں لین دین فیس لیتی ہیں۔